ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہماچل اور جموں و کشمیر میں برفباری، شمالی ہندوستان میں ٹھنڈی ہواؤں سے سردی کی شدت میں اضافہ

ہماچل اور جموں و کشمیر میں برفباری، شمالی ہندوستان میں ٹھنڈی ہواؤں سے سردی کی شدت میں اضافہ

Wed, 04 Dec 2024 16:53:32  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 4/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)دسمبر کے آغاز کے ساتھ ہی سردی نے اپنا رنگ جمانا شروع کر دیا ہے۔ میدانی علاقوں میں ہلکی ٹھنڈ محسوس کی جا رہی ہے، جبکہ پہاڑی خطوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد کے قریب پہنچ گیا ہے۔ ہماچل اور کشمیر کے متعدد علاقوں میں شدید سردی کے ساتھ دھند نے بھی زندگی کو متاثر کیا ہے، اور کئی مقامات پر پارہ نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ہے۔

شدید کہرے کی وجہ سے دن نکلتے ہی سری نگر اور کشمیر کے کچھ دیگر مقامات پر حد نگاہ 50 میٹر سے نیچے پہنچ گئی۔ وہیں ہماچل کے روہتانگ، کنجم میں برفباری کی وجہ سے آمد و رفت روکنی پڑی۔

دوسری طرف دہلی-این سی آر سے لے کر یوپی-بہار تک ٹھنڈ نے اپنے تیور بدل لیے ہیں۔ اب ان علاقوں میں ہلکی ہلکی ہوائیں چلنے لگی ہیں۔ ان ہواؤں سے سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ دہلی این سی آر میں بدھ کو صبح صبح ہلکی ٹھنڈی ہوا چلی۔ یوپی بہار کے موسم میں بھی تبدیلی دکھائی دی۔ لوگوں کو اب گزشتہ کچھ روز کی بہ نسبت زیادہ ٹھنڈ لگنے لگی ہے۔ شمالی ہند میں اب دن کا درجہ حرارت بھی کم ہونے لگا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی، غازی آباد، نوئیڈا، گروگرام، اتراکھنڈ، اتر پردیش، پنجاب اور راجستھان سمیت شمالی ہند میں اب شدید ٹھنڈ کا دور شروع ہو گیا ہے۔ ان سبھی علاقوں میں موسم کا مزاج اب پوری طرح بدل گیا ہے۔ یوپی میں آج سے تیز ہوائیں چلنے والی ہیں۔ بہار میں بھی 15 ضلعوں میں کہرے کا الرٹ ہے۔

اسکائی میٹ ویدر کے مطابق آج کیرالہ، کرناٹک، تمل ناڈو میں ہلکی سے درمیانی بارش کے ساتھ کچھ مقامات پر شدید بارش کا بھی امکان ہے۔ ساتھ ہی آندھرا پردیش، چھتیس گڑھ، تلنگانہ، لکش دیپ، گوا، اوڈیشہ اور انڈمان نکوبار جزائر گروپ میں بھی پانی کی بوچھاریں دیکھنے کو مل سکتی ہیں۔ فی الحال گہرا کم دباؤ تمل ناڈو کے اوپر ہے۔ یہ رفتہ رفتہ مغربی سمت میں آگے بڑھتے ہوئے بحیرہ عرب پر ایک کم دباؤ کی شکل میں پہنچ رہا ہے۔ آج جنوبی ہند میں شدید بارش ہو سکتی ہے۔ پہاڑوں پر برفباری کے بعد ویسٹرن ڈسٹربینس آگے بڑھ رہا ہے۔ شمالی سمت سے چلنے والی ہوائیں اب شمالی ہند کا درجہ حرارت گرانے والی ہیں۔

وہیں جموں و کشمیر اور ہماچل پردیش میں برفباری ہو رہی ہے جس سے میدانی علاقوں میں ٹھنڈ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ روہتانگ درہ کے ساتھ کنجم درہ، بارالاچا، ادئے پور کی اونچی چوٹیاں بھی سفید ہو گ۴ی ہیں۔ لاہول میں سرد لہر کی وجہ سے لو گھروں میں دبکنے کو مجبور ہیں۔ حالانکہ شملہ و دیگر علاقوں میں موسم صاف بنا ہوا ہے۔ موسم  سائنس مرکز شملہ نے ریاست کے پہاڑی علاقوں میں بارش، برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔ 4 سے 7 دسمبر تک موسم صاف بنا رہے گا۔ اس کے بعد 8 اور 9 دسمبر کو پھر بارش-برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔


Share: